ممبئی، 22؍ جون (ایس او نیوز؍یو این آئی) ممبئی کو کورونا کی تیسری لہر کا خطرہ لاحق ہے اس لئے ابھی لاک ڈاؤن اور پابندیوں میں مزید نرمی یا رعایت نہیں دی جائے گی۔ ممبئی کے شہریوں کیلئے لوکل ٹرینوں سے سفر اور بازاروں میں بھیڑ بھاڑ پر بھی پابندی عائد ر دی گئی ہے۔دکانداروں کیلئے جو اصول و ضوابط جاری کئے گئے ہیں اس پر عمل آوری لازمی ہے اگر کوئی بھی کورونا اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس پر کارروائی کا بھی انتباہ بی ایم سی نے دیا ہے۔
بی ا یم سی نے حکم نامہ جاری کر کے یہ واضح کیا ہے کہ ممبئی شہر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں 3.79 فیصد ہے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی اور بستر 23.56 ہے لیکن اس کے باوجود ممبئی میں کورونا کا خطرہ اب بھی برقرار ہے۔ بی ایم سی نے آبادی اور اس کے تناسب کی مناسبت سے مقامی انتظامیہ کو فیصلہ کا اختیار دیا ہے لیکن ابھی ممبئی کے شہریوں کیلئے ٹرینیں شروع کرنے پر بی ایم سی متفق نہیں ہے، اس لئے ممبئی کے شہریوں کیلئے ابھی ٹرین شروع ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ ایمرجنسی سروسیز سمیت منظور شدہ ملازمین کیلئے ٹرین سروسیز جاری رہے گی۔ ممبئی شہر میں کورونا وبا کیلئے ٹاسک فورس نے بھی یہ واضح کیا ہے کہ ابھی تیسری لہر کا خطرہ لاحق ہے،اسی لئے بی ایم سی نے حفظ ماتقدم کے طور پر ممبئی بی ایم سی کے حدود کو سطح ایک کے بجائے اب تک سطح تین میں ہی رکھا ہے گوکہ ممبئی میں مریضوں کے اسپتال سے رخصتی کے بھی معاملات زیادہ ہیں،اس کے باوجود بی ایم سی ابھی کوئی رعایت دینے کے موڈ میں نہیں ہے۔
ممبئی میں ٹرینوں میں بھیڑ بھاڑ اور بازاروں میں ایک مرتبہ پھر بھیڑ بھاڑ نے بی ا یم سی کی پریشانیوں اور تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں رہائش پذیر مکینوں کو اپنے دفاتر جانے میں اس لئے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ٹرینوں میں انہیں سفر کی اجازت نہیں ہے جبکہ بسوں میں مکمل نشستوں پر بیٹھنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود مسافروں کو گھنٹوں قطار میں کھڑا رہنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ ممبئی میں دفاتر سمیت دیگر دکانوں کو اجازت دے دی گئی ہے۔اس کے اوقات میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود ٹرینوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ حفظ ماتقدم کے طور پر سطح ایک کے باوجود بھی سطح تین میں رکھا گیا اور اسی پابندی کو مستقل کیا گیا ہے تاکہ کورونا وبا کے پھیلاؤ پر مکمل طور پر قابو میں کیا جائے۔